لاہور(رپورٹنگ آن لائن )محکمہ اینٹی کرپشن نے محکمہ اوقاف کی کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کرالی ،رحیم یار خان کے علاقہ موضع کچی زمان سے محکمہ اوقاف کی واگزار کرائی گئی114 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی کی مالیت 9 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن محمدگوہر نفیس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رحیم یار خان محمد جمشید اکرم کی سربراہی میں مشترکہ ٹیم نے قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ۔
واگزار شدہ زمین محکمہ اوقاف رحیم یار خان سرکل کے حوالے کردی گئی جبکہ غیر قانونی قابضین سے تاوان کی وصولی یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محمد گوہر نفیس دوبارہ قبضہ کی صورت میں متعلقہ محکمہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے کہا کہ سرکاری املاک کی حفاظت متعلقہ محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،متعلقہ اداروں اور محکمہ پولیس کی مدد سے بڑی حد تک قبضہ مافیا پر قابو پا لیا گیا ہے،پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔