کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ قوم پر مسلط ہونے والے آمروں اور انکے سلیکٹڈ انگائیڈیڈ میزائلوں نے جمہوری، معاشرتی اور معاشی تانے بانے کو برباد کیا،آمروں اور کٹھ پتلیوں نے اختیارات کو دوبارہ چند لوگوں کے ہاتھوں میں واپس دیدیا، اگر قائدِ عوام کو شہید نہ کیا جاتا تو پاکستان آج متحرک معیشت و معاشرہ کے ساتھ ایک فلاحی ریاست ہوتا،جن لوگوں نے قائدِ عوام کو شہید کیا تھا،
انھوں نے درحقیقت قوم کے بانی اجداد کے خوابوں کا قتل کیا، قائدِ عوام نے اس ملک کے معاشی، سیاسی اور جمہوری ڈھانچے کی بنیادوں کو مساوات پر رکھا تھا۔اتوار کو پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت پراپنے پیغام میں کہا کہ اگر قائدِ عوام کو شہید نہ کیا جاتا تو پاکستان آج متحرک معیشت و معاشرہ کے ساتھ ایک فلاحی ریاست ہوتا،آج پاکستان پوری دنیا کے لیئے ایک رول ماڈل اسلامی ملک کی حیثیت رکھتا،جن لوگوں نے قائدِ عوام کو شہید کیا تھا،
انھوں نے درحقیقت قوم کے بانی اجداد کے خوابوں کا قتل کیا،ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرکے پاکستان کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو دفن کرنے کی کوشش تھی،شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک بے مثال رہنما تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام نے اس ملک کے معاشی، سیاسی اور جمہوری ڈھانچے کی بنیادوں کو مساوات پر رکھا تھا،وہ باتیں جنہیں آج ہم زیادہ اہمیت نہیں دیتے، وہ شہید بھٹو کی مرہونِ منت ہیں،جیسا کہ بالغ حقِ رائے دہی اور آئین کے تحت یکساں حقوق کی ضمانتیں، نقل و حرکت کی آزادی،جیسا کہ مذہب، سیاسی وابستگی اور یونین سازی کے حقوق، جو متفقہ طور پر منظور کیے گئے 1973ع کے آئین میں شامل ہیں،1973ٰ کے آئین کی منظوری آج تک اس ملک کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید کی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں بڑے صنعتی، معاشی اور تجارتی منصوبے وجود میں آئے،قائدِ عوام نے چند ہاتھوں میں جمع ہونے والی دولت کو عوام کے ہاتھوں میں تقسیم کرکے ملک میں انقلاب برپا کردیا،بدقسمتی تھی کہ آمر ضیاء نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر پاکستان کو عدم رواداری، انتہا پسندی اور غربت کے دلدل میں دھکیل دیا، قوم پر مسلط ہونے والے آمروں اور ان کے سلیکٹڈ انگائیڈیڈ میزائلوں نے جمہوری، معاشرتی اور معاشی تانے بانے کو برباد کیا،آمروں اور کٹھ پتلیوں نے اختیارات کو دوبارہ چند لوگوں کے ہاتھوں میں واپس دے دیا،اس کے نتیجے میں ان فوائد کو بھی ختم کردیا، جو عوام کو اختیارات منتقل کرنے سے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت شہید بھٹو کی تعلیمات اور وڑن کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے،ملک کو ایک بار پھر حقیقی جمہوریت کی راہ پر گامزن کرنے کی اشد ضرورت ہے،پیپلز پارٹی مضبوط، جمہوری، مساوات پر مبنی اور ترقی پسند پاکستان کے لئے جدوجہد جاری رکھ گی،اس جدوجہد کے ذریعے اپنے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔