سیف الملوک کھوکھر 12

انتہائی غیر معمولی حالات کے باعث خیبر پختونخوا ہ میں گورنر راج کا نفاذ کیا گیا’ سیف کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ہ میں امن و امان کی نازک صورتحال کے باعث ایمر جنسی اور گورنر راج کا نفاذ کیاگیا ، خیبر پختوانخواہ حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹیں ڈال رہی تھی جو ملک کے مفاد کے خلاف تھا، وفاقی حکومت کا موقف واضح ہے کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی جیسے آئینی اقدامات کا فیصلہ زمینی حقائق، عوام کے تحفظ اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے، ملک میں انتشار، بدامنی اور تصادم کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔

عوام نے سیاسی جماعتوں کو مسائل حل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، سڑکوں پر محاذ آرائی کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ خیبر پختونخوا ہ کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، انہیں سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ وفاقی حکومت ملک میں آئین، قانون اور جمہوری نظام کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں