ملک محمد احمد خان 51

انتخابی عمل کا بائیکاٹ اپوزیشن کا سیاسی فیصلہ ہے’ سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنا ان کا سیاسی فیصلہ اور صوابدید ہے،بائیکاٹ جیسے فیصلے عوامی نمائندگی اور ان کے حقوق سے دوری کا باعث بنتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اگرچہ بائیکاٹ کا اعلان کیا لیکن اپنا امیدوار الیکشن کمیشن سے ریٹائر نہیں کیا جس کے باعث انتخابی عمل کرانا ضروری ہوگیا، میں سیاسی عمل کا حامی ہوں، بائیکاٹ جیسے فیصلے عوامی نمائندگی اور ان کے حقوق سے دوری کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والے سلوک پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جتنا انتقام میاں نواز شریف سے لیا گیا اتنی زیادتی کسی اور سیاسی رہنما کے ساتھ نہیں ہوئی، (ن) لیگ کے رہنماوں پر ناجائز مقدمات بنائے گئے، ان کے گھر جلائے گئے۔

ملک محمد احمد خان کا 9مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست پر حملہ کیا گیا، کور کمانڈر کے گھر اور رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملہ ہوا، یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس کی مذمت ہونی چاہئے۔سپیکر نے علیمہ خان پر انڈا پھینکے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی یہ حرکت کی ہے، اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ذاتی حملے قابل قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں