اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت سے ملک کی معشعیت نہیں سنبھالی جارہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ ڈالر مزید مہنگا ہوتا جارہا ہے اور روپے کی قدر میں کمی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کا واحد حل فوری انتخابات ہے تاکہ عوامی مینڈیٹ سے منتخب شدہ حکومت اقتدار میں آکر فیصلہ سازی کرے۔ دوسری جانب فرخ حبیب نے مینار پاکستان گراونڈ کے گیٹ کو تالا لگانے کے معاملے پر کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے بعض رہے ورنہ عوام کا سمندر ان سب کو بہا کر لے جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو پاکستان بنانے کی قرارداد اسی مقام پر پاس ہوئی تھی انشاللہ آج اسی جذبے سے سرشارعوام مینار پاکستان پر عمران خان کی قیادت میں جمع ہو کر پاکستان کی حقیقی آذادی کا ایادہ کرے گے۔ فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بیرونی طاقتوں کی غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر قومی خوداری سے آگے بڑھنا ہے۔