لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں الیکٹرک موٹرسائیکلز، اسکوٹیز، تھری ویلرز، گاڑیوں اور بسوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلرز کی صنعت اور ان کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی سازی و لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں الیکٹرک وہیکلزپالیسی 2025 کے مسودے پر بھی گفتگو ہوئی ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں الیکٹرک موٹرسائیکلز، اسکوٹیز، تھری ویلرز، گاڑیوں اور بسوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،الیکٹرک وہیکلز کے لئے چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ اسٹیشنز کے قیام کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں ٹو ویلرز اور تھری ویلرز کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلئے صنعتوں کو اس حوالے سے سہولت فراہم کی جائے۔وزیر اعظم نے الیکٹرک وہیکلز پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد مکمل کرکے کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ۔اجلاس میں وفاقی وزرا ء رانا تنویر حسین احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭