پاکستان

افغانستان میں امن نا ہوا تو اس کے اثرات خطے اور اس سے باہر بھی ہو سکتے ہیں، پاکستان

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان منفرد جیو اسٹریٹجک محل وقوع، وسیع وسائل کے ساتھ غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین جگہ ہے،عالمی برادری کو چاہیے کہ افغانستان کی بدلی ہوئی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیا جائے اور انسانی المیے سے بچا جائے، اگر افغانستان میں امن نہیں ہوتا تو اس کے اثرات خطے اور اس سے باہر بھی ہو سکتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں انوسٹمنٹ ایسوسی ایشن 20-20کے سالانہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے انوسٹمنٹ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کیا ہے۔سفیر پاکستان نے اقتصادی اصلاحات اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منفرد جیو اسٹریٹجک محل وقوع، وسیع وسائل کے ساتھ غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین جگہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش اور آسان پالیسیاں فراہم کرر ہی ہے۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ افغانستان میں ایک جامع و سیاسی تصفیے کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، عالمی برادری کو چاہیے کہ افغانستان کی بدلی ہوئی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیا جائے اور انسانی المیے سے بچا جائے،ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر افغانستان میں امن نہیں ہوتا تو اس کے اثرات خطے اور اس سے باہر بھی ہو سکتے ہیں،پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے جو بنیادی طور پر اقتصادیات اور تجارت پر مبنی ہوں۔واضح رہے کہ اجلاس میں سفیر پاکستان نے ممتاز امریکی سرمایہ کاروں کے نمائندہ گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے بھی آگاہ کیا۔