مکوآنہ ( رپورٹنگ آن لائن ) فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے تمام اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈزنے پنجاب بھر میں 30 اپریل بروز اتوار کو منعقد ہونیوالے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے باعث19 اپریل سے شروع ہونیوالے کلاس نہم(میٹرک پارٹ ون)کے سالانہ امتحان2023 کے 2 پرچوں کا شیڈول تبدیل کردیا ہے جس کے باعث اب کیمسٹری و جنرل سائنس کا پرچہ 28 اپریل بروز جمعہ کی بجائے 11مئی بروز جمعرات اور اسلامیات لازمی کا 29 اپریل بروز ہفتہ کو منعقد ہونیوالا پرچہ12 مئی بروزجمعہ کومنعقد ہوگا۔
بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ترجمان ساجد نقوی نے بتایاکہ پنجاب بورڈ ز کمیٹی آف چیئر مینز کے فیصلہ کے مطابق اب اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آبا د، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال،ملتان،بہاولپور، ڈی جی خان، راولپنڈی اور میرپور آزاد کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے کلاس نہم (میٹرک پارٹ ون) کے مذکورہ دو پیپرز اس نئے شیڈول کے مطابق ہوں گے تاہم باقی ڈیٹ شیٹ وہی رہے گی جو پہلے جاری ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔