سردار ایاز صادق 72

اسپیکر قومی اسمبلی کا قلات میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں دہشتگردی پھیلانے والے شرپسند عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور اور مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہادری کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشتگردی پھیلانے والے عناصر کا قلع قمع ناگزیر ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ اور عوام افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے پوری قوم کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں