اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ عید الاضحی اللہ تعالیٰ کی راہ میں سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے ، ہمیں نادار اور ضرورت مند افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھنا چاہیے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں حضرت ابراھیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی پیش کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا عید الاضحی ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے اور اس موقع پر ہمیں نادار اور ضرورت مند افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھنا چاہیے اور دل کھول اْن کی مدد کرنی چاہیے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تہوار سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ملک و قوم کو ضرورت پڑنے پر ہمیں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمیں اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے ہمیں اپنے آپس کے فروحی اختلافات کو بھلا کر اس کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحی تجدید عہد وفا کا دن ہے اس موقع پر ہمیں بطور قوم یہ عہد کرناہے کہ ملک و قوم پر جب بھی کوئی مشکل وقت درپیش آئے ہمیں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ سپیکر نے عید کے موقع پرکورونا وبا کے پیش نظر قوم پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ اس وقت ملک کوکورونا کے انتہائی مہلک قسم ڈلٹہ فور کا سامنا ہے جو انتہائی تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہے اس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہمیں ایک دوسرے سے میل جول میں احتیاط کرنے اور وزات صحت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی خاطر دی جانے والی کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے اْن کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہے جو گزشتہ 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے آزادی کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں اور مقبوضہ وادی میں گزشتہ 23 ماہ سے بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے لاک ڈؤں جاری ہے اور اْن پر قربانی جیسی مذہبی عبادات کی ادائیگی پر بھی پابندی عائد ہے۔ انہوں نے اقوام عالم سے کشمیر میں جاری لاک ڈاوں کے فوری خاتمے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراھیم کی اس عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جب وہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنے ہردل عزیز بیٹے کی قربانی دینے کے لیے تیار ہو گے۔انہوں نے کہا کہ یہ عید ہمیں ملک و قوم کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں عید کو سادگی سے منانے اور کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدبیروں پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔