اسلام آ باد ہائی کورٹ

اسلام آ باد ہائی کورٹ پر حملہ پانچ فیصد وکلا کی کارروائی قرار

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) چیف جسٹس اسلام آ باد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ہائیکورٹ پر حملے کو پانچ فیصد وکلا کی کارروائی قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ فیصد نے یہ سب کچھ کیا 95 فیصد تو پروفیشنل وکیل ہیں، جو کچھ دو روز قبل ہوا اس پر انتہائی شرمندہ ہوں۔ بد ھ کواسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکلا کے حملے کا تذکرہ ہوا۔

میاں عبدالرف ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں عدالت میں پیش ہوا ہوں لیکن شرم محسوس کر رہا ہوں، نوجوان وکلا کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، جو چیف جسٹس ہمارے ساتھ شفقت کرتے ہیں ان کے گریبان پر جا کر ہاتھ ڈالا، ہمارے معاشرے میں عزت اب ختم ہو چکی ہے، ان اقدامات کی وجہ سے پورے ملک میں وکلا پر تھو تھو ہو رہی ہے۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ آپ کیوں شرمندہ ہو رہے ہیں یہ اسکا عکس ہے جو ہم بن چکے ہیں، ہمیں اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم کیا بن چکے ہیں، یہ کسی شخص کی انفرادی نہیں بلکہ عہدے کی عزت ہوتی ہے، آج یہاں کوئی اور ہے کل کوئی اور ہو گا لیکن ادارے موجود رہیں گے، چاہے جج ہو یا وکیل ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینے کی ضرورت ہے، یہ واقعات تو پنجاب میں گوجرانوالہ اور لاہور وغیرہ میں ہوا کرتے تھے، اس میں کوئی شک نہیں کہ عزت ذلت اللہ کی طرف سے ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے بھی ایک کیس کی سماعت کے بعد واقعے سے متعلق ریمارکس دیتے ہوئے ہائیکورٹ پر حملے کو پانچ فیصد وکلا کی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ فیصد نے یہ سب کچھ کیا 95 فیصد تو پروفیشنل وکیل ہیں، جو کچھ دو روز قبل ہوا اس پر انتہائی شرمندہ ہوں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سابق سیکرٹری وقاص ملک اور میاں عبدالرف ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہوکر چیف جسٹس بلاک حملے پر شرمندگی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ مجھے ساڑھے تین گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا گیا،

میں ایکشن لے سکتا تھا میں نے اکیلے محصور رہنے کا فیصلہ کیا اور ہائی کورٹ سے جانے کے بجائے ساڑھے تین گھنٹے یرغمال رہ کر سامنا کیا، میں ایکشن لیتا تو کہتے اپنے ہی ایڈووکیٹس کے خلاف کارروائی کروائی، اس معاملے میں اتھارٹی بار کونسل ہے انہیں اس معاملے کو دیکھنا چاہیے، وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ کر کے سب کو راستہ دکھایا ہے کہ یہ طریقہ ہے، ایسا واقعہ دوبارہ تب نہیں ہو گا جب اس واقعے کے ذمہ داران کو مثال بنایا جائے، یہ عدالت بار کونسل سے امید کرتی ہے کہ وہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، یہ حملہ میری ذات پر نہیں عدلیہ اور ادارے پر حملہ ہے۔