احسن اقبال

احسن اقبال کا فارن فنڈنگ سکروٹنی کمیٹی سے اکاﺅنٹس کی تفصیلات شیئر کا مطالبہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے فارن فنڈنگ سکروٹنی کمیٹی سے اکاﺅنٹس کی تفصیلات شیئر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا جس پر ہم کوئی جواب دیں ، تحریک انصاف کے 23اکاﺅنٹس تھے جن میں سے صرف 5الیکشن کمیشن میں ظاہر کئے اور باقی اکاﺅنٹس کو چھپایا گیا، اکاﺅنٹس ظاہر نہ کرنے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے، تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس مزید ڈھونگ ڈرامہ اور ناٹک نہیں چلے گا، تحریک انصاف کو فارن فنڈنگ اور مس ڈیکلریشن کا حساب دینا پڑے گا ۔

بدھ کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ سکروٹنی کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اکاﺅنٹس کی تفصیلات شیئر کی جائیں اور تحریک انصاف نے ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا ہے جس پر ہم کوئی جواب دیں جبکہ تحریک انصاف کے نیشنل بینک آف پاکستان نے اکاﺅنٹس سامنے لائے ہیں، تحریک انصاف کے 23اکاﺅنٹس تھے جن میں سے صرف 5الیکشن کمیشن میں ظاہر کئے اور باقی اکاﺅنٹس کو چھپایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اکاﺅنٹس ظاہر نہ کرنے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے اور نواز شریف کو تو بیٹے سے دس ہزار درہم تنخواہ لینے پر کہا گیا کہ صادق و امین نہیں ہیں جبکہ یہاں یہ 18اکاﺅنٹ جن میں کروڑوں روپے ہیں اس کو چھپایا گیا ہے، مس ڈیکلریشن کیا گیا اور جھوٹے سرٹیفکیٹ جمع کرائے گئے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب ایک لیڈر 18 بینک اکاﺅنٹس کے جھوٹے سرٹیفکیٹ جمع کرائے وہ عوامی عہدے کےلئے اہل کیسے رہ سکتا ہے کیا وہ صادق و امین کی تعریف پر پورا اترتا ہے اور بلیک لاءڈکشنری میں اسے کیسے صادق وامین قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس مزید ڈھونگ ڈرامہ اور ناٹک نہیں چلے گا، تحریک انصاف کو فارن فنڈنگ اور مس ڈیکلریشن کا حساب دینا پڑے گا۔