شاہد خاقان عباسی

احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کل جمعرات تک ملتوی کر دی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کل جمعرات تک ملتوی کر دی ،آئندہ سماعت پر بھی شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نیب کے وکیل پر جرح جاری رکھیں گے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی۔سماعت کے آغاز پر ریفرنس میں شریک ملزمان کی حاضری لگائی گئی ۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ نیب پراسیکیوٹر مرزا عثمان مسعود اور نیب کے دو گواہ رضوان مہدی اور فرحان عمر عدالت میں پیش ہوئے ۔نیب گواہ رضوان مہدی پر جرح کا آغاز کیا گیا ۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے نیب گواہ رضوان مہدی پر جرح کی ۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہاکہ آپ نیب کے سامنے خود پیش ہوئے تھے یا کوئی نوٹس آیا تھا۔ نیب گواہ نے کہاکہ نیب حکام ایس ایس جی پی ایل آفس آئے تھے، ہمارے ڈیپارٹمنٹ نے کہا آپ نے پیش ہونا ہے،اینگرو ٹرمینل سے متعلق فنانس کا ریکارڈ مانگا۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہاکہ نیب کی جانب سے جب نوٹس ہوا تو کیا آپ نے عدالتی ریکارڈ پر لائے

۔ نیب گواہ نے کہاکہ نہیں نوٹس کو ریکارڈ پر نہیں لائے، نیب نوٹس موصول ہونے پر متعلقہ دستاویزات تیار کر لیے گئے تھے۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ جب آپ کی سٹیٹمنٹ ریکارڈ کروائی تو اس سٹیٹمنٹ پر آپ کے دستخط کروائے گئے تھے۔ نیب گواہ نے کہاکہ بیان ریکارڈ کروانے کے بعد سٹیٹمنٹ پر دستخط کروائے گئے تھے۔ بیرسٹر ظفراللہ نے کہاکہ جو دستاویزات ہمارے پاس ہیں اس میں اپ کے دستخط نہیں ہیں ۔عدالت نے کیس کی سماعت (آج)جمعرات تک ملتوی کردی ،آئندہ سماعت پر بھی شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نیب کے وکیل پر جرح جاری رکھیں گے۔