اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات، بیرسٹر دانیال چوہدری نے 6 ستمبر کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت اور یوم دفاع پاکستان کے تاریخی دن کے موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں موقعوں کی روحانی و قومی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے اسدن کو رسول اکرم ۖ کے پیغام محبت اور 1965ء میں ملک کے دفاع میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کے حوالے سے منفرد تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے حوالے سے اپنے پیغام میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی بنایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی روشن مثال ہے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام انسانی حقوق، اخوت، بھائی چارے اور امن و محبت کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم اسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں کا لازمی حصہ بنا لیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ”حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے بقائے باہمی کے اصولوں، تعاون، رواداری اور برداشت پر عمل پیرا ہو کر دنیا سے تنازعات اور کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے”اسی تسلسل میں، یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے 6 ستمبر 1965 کو قوم اور مسلح افواج کی بہادری کو تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر غیر متزلزل عزم، حب الوطنی اور عظیم قربانی کی روشن علامت ہے، جس روز قوم اور افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاک فوج ہر محاذ پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے،یہ کامیابی افواجِ پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت کا نتیجہ ہے، جس نے پوری قوم کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاکستانی جوانوں نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں شجاعت کی روشن روایت قائم کرتے ہوئے دشمن کو چند ہی گھنٹوں میں پسپائی پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ نہ صرف عسکری لحاظ سے بلکہ نظریاتی طور پر بھی دو قومی نظریے کی صداقت کا ثبوت تھا، جو قیامِ پاکستان کی بنیاد ہے۔انہوں نے حالیہ سیلابی صورتحال میں افواجِ پاکستان اور دیگر اداروں کی انتھک خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے ہزاروں قیمتی جانیں بچا کر اپنی قومی ذمہ داری کا ثبوت دیا۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے پیغام کا اختتام اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کیا کہ اگر ہم اسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنائیں تو کرہ ارض کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔