اٹک(رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مہاجر نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے۔
پنجاب کے ضلع اٹک میں شیخ آفتاب احمد کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ لازوال ہے اور دنیا میں شاید ہی کوئی قوم کشمیریوں سے بڑھ کر پاکستان سے محبت کرتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی مہاجر نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے، اگر انتخابی نظام میں خامیاں موجود ہیں تو ان کی اصلاح کی جائے، نظام کو ختم کرنا مسئلے کا حل نہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم ایسا احتجاج عوام کے لیے مشکلات کا باعث نہیں بننا چاہیے۔ ان کے مطابق سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات، برداشت اور مکالمے میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن کا خواہاں ہے اور ملک کی دفاعی صلاحیت قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے جبکہ غربت اور بے روزگاری صرف آزاد کشمیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر سے کراچی تک قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔









