اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
یوم دستور کے موقع پر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہاکہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئین پاکستان کی اصل روح کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئین پاکستان ریاست کے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے ،آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔
اسد قیصر نے کہاکہ 48 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی،جمہوریت کا اصل مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ جمہوری قوتوں نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوںنے کہاکہ وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہاکہ آج کا تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کا تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے، آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہے۔قاسم خان سوری نے کہاکہ آنے والی نسلوں کے لیے دستور کی اہمیت و افادیت کو اْجاگر کرنا ہماری زمہ داری میں شامل ہے، آئین کی بالادستی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزند کر سکتی ہے