ضیا الحسن لنجار 14

یوم آزادی اسٹال فائرنگ کیس، 3 دہشتگرد گرفتار، وزیر داخلہ سندھ کا سی ٹی ڈی کارروائی پر اظہار اطمینان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈیفنس فیز 2 میں یوم آزادی کے اسٹال پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تین دہشتگردوں کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی بروقت گرفتاری مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے اسٹال پر فائرنگ میں ملوث تینوں دہشتگردوں کو قانون کی گرفت میں لانا قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کارروائی میں حساس ادارے کی معاونت اور پیشہ ورانہ تعاون بھی قابل ستائش ہے۔ سی ٹی ڈی، سندھ پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ کاوشوں سے دہشتگردی کے نیٹ ورک کے اہم کردار سامنے آئے ہیں۔ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس اور حساس اداروں کا باہمی تعاون قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ کارروائی کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں دہشتگردوں کے بیرون ملک موجود رابطہ کاروں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ذرائع تک پہنچا جائے اور دہشتگردی کے منصوبہ سازوں سمیت تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ دہشتگردی کے خلاف سی ٹی ڈی، سندھ پولیس اور حساس اداروں کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور گرفتار دہشتگردوں سے ہونے والی تفتیش کی روشنی میں مزید ملزمان اور سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں