محسن نقوی 13

یومِ شہدائے کشمیر،13 جولائی حق، قربانی اور استقامت کا عظیم دن ہے، محسن نقوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی 1931 کے 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن حق، قربانی اور استقامت کی لازوال داستان کی یاد دلاتا ہے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ ڈوگرہ راج کے ظلم و جبر کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 22 کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، 13 جولائی 1931 کے شہداء نے اپنے لہو سے حق و صداقت کی جدوجہد کو نئی سمت دی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اذان کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یاد آج بھی کشمیری عوام کے عزم، حوصلے اور استقامت کی علامت ہے، جبکہ شہدائے کشمیر کا لہو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو نئی طاقت اور حوصلہ فراہم کر رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے جاری پابندیاں، گرفتاریاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھارتی جارحیت کی بھیانک تصویر پیش کرتی ہیں، بھارت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات نے وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں بنیادی آزادیاں سلب ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری بھائیوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، اور کشمیر کی آزادی تک پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی مؤثر آواز بنتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں