لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب پوری قوم نے اتحاد، خودمختاری اور دفاعی قوت کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے عظیم سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ 28مئی 1998 ء کو شدید عالمی دبائو کے باوجود سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا تاریخی فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن کر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جوہری تجربات کے جواب میں پاکستان کے کامیاب ایٹمی دھماکوں نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے جرات مندانہ فیصلوں، مضبوط دفاع اور قومی خودمختاری کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے تمام قومی ہیروز، سائنسدانوں اور بہادر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی اتحاد اور مضبوط دفاع کا عملی مظہر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہر محاذ پر دشمن کو مثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔








