مریم نواز شریف 15

ہنرمند نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل، بیرونِ ملک مواقع سے فائدہ اٹھائیں: مریم نواز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہنرمند نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، ہنر مند نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔

مریم نواز نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے طلبا کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، انہوں نے نوجوانوں کے جذبے، محنت اور والدین کی معاونت کے احساس کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں گھر اور والدین کی ذمہ داریاں اٹھانا بڑی بات ہے اور بہن بھائیوں سمیت پورے خاندان کی ذمہ داری سنبھالنا آسان کام نہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نوجوانوں کو لینے والا نہیں بلکہ دینے والا بنایا ہے، اس لیے وہ اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں، بیرونِ ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس سے بہتر آمدن کے ساتھ ساتھ قیمتی تجربہ اور جدید پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک کام کرنے سے نوجوان دنیا کے جدید نظام، کام کے طریقہ کار اور ترقی یافتہ ممالک کے طرزِ عمل سے آگاہ ہوتے ہیں، انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ مختلف ممالک کا مشاہدہ کریں اور قوموں کی ترقی کے اسباب کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کا بڑا حصہ غیر ہنر مند کارکنوں پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہ اور مقام حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کر رہی ہے اور پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کوشش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر نوجوان کے لیے یونیورسٹی ڈگری حاصل کرنا ممکن نہیں، تاہم فنی تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کیے جا سکتے ہیں، نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی منڈی میں بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکلڈ ورکرز کو بیرونِ ملک زیادہ عزت اور بہتر معاوضہ ملتا ہے، مریم نواز نے منصوبے کی کامیابی کے لیے عدنان چٹھہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ہنر مند افرادی قوت پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانی ورکرز میں 50 فیصد سے زائد افراد غیر ہنر مند کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہوں، ترقی کے مواقع اور پیشہ ورانہ شناخت کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے جدید مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے کنسٹرکشن، ہاسپیٹیلٹی، ٹرانسپورٹ، لوجسٹکس، انجینئرنگ، انرجی اور ہیلتھ سمیت مختلف شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ نوجوان روزگار کی بہتر مواقع سے استفادہ کر سکیں۔

مریم نواز کے مطابق نرسنگ، کُکری، ہائیڈروکاربنز اور رینیوایبل انرجی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی تربیتی پروگرام شروع کیے گئے ہیں، جبکہ روایتی فنی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنیکل کورسز کو بھی نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان بدلتی ہوئی عالمی ضروریات سے ہم آہنگ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ روابط کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوان محفوظ، باوقار اور بہتر کیریئر کا آغاز کر سکیں، سکل ڈویلپمنٹ نہ صرف نوجوانوں کے روشن مستقبل بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی ضمانت ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو درپیش مالی مشکلات کو بھی مدنظر رکھا ہے، ویزا فیس، میڈیکل ٹیسٹ، ٹکٹ اور دیگر سفری اخراجات اکثر نوجوانوں کے لیے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں، اسی لیے انہیں آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے روزگار کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اب تک 105 نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے بھی کنسٹرکشن سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، بہتر تنخواہیں نوجوانوں کو نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت میں مدد دیں گی بلکہ انہیں بچت اور بہتر معیارِ زندگی کا موقع بھی فراہم کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں