کامران ٹیسوری 69

گورنر سندھ کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال کے بعد براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کو خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور عوامی روابط کو نئی جہت ملے گی۔

گورنر سندھ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت تیزی سے فروغ پائے گی۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کئی برسوں بعد سازشیں دم توڑ گئی ہیں اور پاکستان و بنگلہ دیش ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نہ صرف پاکستان بلکہ بنگلہ دیش میں بھی بدامنی کا ذمہ دار قرار دیا، تاہم پاکستان اور بنگلہ دیش بھارتی سازشوں اور جارحیت کا مل کر بھرپور مقابلہ کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قومیں صرف بیانات سے نہیں بلکہ فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی قیادت میں حقیقی جنگیں جیت کر مضبوط اور باوقار بنتی ہیں۔بعدازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ڈھاکہ سے کراچی آنے والی پہلی براہِ راست پرواز کے مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا، انہیں گلدستے پیش کیے اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں