امیر مقام 17

گلگت بلتستان کے عوام کو79 ویں یوم آزادی کی مبارکباد،وفاقی حکومت خطہ کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے غیور عوام کو79 ویں یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک منفرد اعزاز ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے وطن کی آزادی کا دن دو بار مناتے ہیں ،ایک 14 اگست کے دن اور دوسرا یکم نومبر کو، اس دن کو گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے ،جب اس خطے کے لوگوں نے اپنی آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے۔یہاں جاری بیان کے مطابق انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اس خوشی کے موقع پر ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے،غیور کشمیر کے باسی 8 دہائیوں سے حق خود ارادیت کیلئے برسر پیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،جوہماری سرحدوں اور ملک کی خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے اہم خطہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس خطے کا مستقبل ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوار میں گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں،موجودہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی بھر پور کوشش جاری رکھے گی، یہ خطہ سیاحت کے حوالے سے پوری دنیا میں اعلی مقام رکھتا ہے،

وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی،ہم گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی کیلئے ایک ہو کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دشمن عناصر کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے حوالے سے تمام سازشوں کو ناکام بنایا، جب بھی ہمارے دشمن نے اپنے ناپاک عزائم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرحدوں پر جارحیت کرنے کی کوشش کی تو ہماری بہادر افواج نے اسے عبرت ناک شکست دے کر اسکے عزائم خاک میں ملائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں