عظمی بخاری 24

گلگت بلتستان میں نواز شریف کی آمد نے سیاسی فضا بدل دی، عوام کا رجحان (ن) لیگ کی جانب ہے’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں،قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی گلگت بلتستان آمد نے وہاں کے سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گلگت میں میاں نواز شریف کو جس محبت، عزت اور والہانہ استقبال سے نوازا گیا، وہ عوامی جذبات کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے دل آج بھی میاں نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ مسلم لیگ (ن) کو ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی علامت سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ علاقے میں حقیقی ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاح کے اقدامات مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی مکمل ہوئے۔ اس کے برعکس دیگر سیاسی جماعتوں نے عوامی امیدوں اور جذبات کو پورا کرنے کے بجائے انہیں مایوس کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھرپور انداز میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور انہیں عوام کی وسیع حمایت حاصل ہے۔ عوام کا رجحان واضح طور پر شیر کے انتخابی نشان کی جانب ہے کیونکہ لوگ ترقی، استحکام اور بہتر مستقبل کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان شاء اللہ 7 جون کو گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے اور ہر طرف شیر کی کامیابی کی گونج سنائی دے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں