لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کسانوں میں سپر سیڈرز، کبوٹا ہارویسٹرز اور بیلرز کے استعمال کا رجحان فروغ پا رہا ہے، پنجاب میں دھان کی 93.6 فیصد (59 لاکھ ایکڑ )پر کٹائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ کٹائی کیلئے 187 بیلرز اور 1259 کبوٹا مشینیں فعال ہیں۔انہوںنے بتایا کہ سپر سیڈر ٹیکنالوجی کے ذریعے 17 لاکھ 92 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت مکمل کی جا چکی ہے۔
فصلوں کی باقیات جلانے کے 402 واقعات رپورٹ ہوئے جن پر 222 مقدمات درج اور 31 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 13 سے 15 نومبر کے دوران باقیات جلانے پر مزید 3 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 3 یونٹس سیل اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی دوران 106 بھٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد 3 بھٹے سیل کیے گئے جبکہ 7 کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس چیک کیے گئے،
جن میں سے 6 پر سکشن ہڈز نصب کرائے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے پائیدار اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں جبکہ شہری بھی دھواں پھیلانے سے گریز کریں اور اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس سرٹیفکیشن کروائیں۔








