ویمن کرکٹ ٹیم

کرکٹ آسٹریلیا کا افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کے نمائشی میچ کا اعلان

میلبورن (رپورٹنگ آن لائن)کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کا نمائشی میچ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ویمنز ایشز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز افغانستان ویمن ٹیم اور کرکٹ ود آؤٹ بارڈرز کی ٹیم ان ایکشن ہوں گی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچ 30 جنوری کو میلبورن میں جنکشن اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں موجود افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اراکین کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے میچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔میچ خواتین کی کرکٹ میں شمولیت کا جشن منانے کے لیے منعقد ہونے والے تاریخی دن کا بھی حصہ ہوگا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ میچ آسٹریلیا میں مقیم افغانستان ویمن کرکٹ کی کھلاڑیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے نے کہا کہ کرکٹ اور کمیونٹی کے بہت سے لوگوں نے افغانستان ویمن ٹیم کی آسٹریلیا میں آباد ہونے میں مدد کی ہے، یہ میچ ان کے کام کا جشن منانے کے لیے ہے۔

نک ہاکلے کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ان کی مل کر کھیلنے کی خواہش کو اس نمائشی میچ میں پورا کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ افغانستان حکومت نے خواتین کی کھیلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔خواتین کی کھیلوں پر پابندی کے باعث کرکٹ آسٹریلیا ماضی میں افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز بھی منسوخ کرچکا ہے۔