شرجیل انعام میمن 12

کراچی کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے،شرجیل میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بجٹ 2026-27 میں کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے مختص فنڈز پانی کی فراہمی، نکاسی آب، سڑکوں کی تعمیر و بحالی و دیگر عوامی سہولیات پر خرچ کیے جائیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نعروں کی نہیں بلکہ عملی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری اور عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی سب سے بڑی ضرورت جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات ہیں، حکومت کو اس کا ادراک ہے، سندھ حکومت عوام کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے،

500 جدید الیکٹرک بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں جلد کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا سندھ حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا اہم ستون ہے۔ بجٹ میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ صنعتی زونز، ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ اسکیموں اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز ہمیشہ عام آدمی، محنت کش، مزدور، کسان، نوجوان اور متوسط طبقہ رہا ہے ۔

سندھ حکومت وسائل کو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، روزگار، تعلیم، صحت اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر سیاسی مقاصد کے لیے کراچی اور سندھ کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام ترقیاتی منصوبوں، بہتر ٹرانسپورٹ، جاری تعمیراتی کاموں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے،

عوام بخوبی جانتی ہے کہ سندھ حکومت مشکلات کے باوجود وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ روشن مستقبل، بہتر روزگار اور ایک خوشحال سندھ کی جانب عملی پیش رفت کا بجٹ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں