مراد علی شاہ 16

کراچی پورٹ کی عالمی انڈیکس میں ریکارڈ کارکردگی، وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو عالمی رابطے کے انڈیکس میں ریکارڈ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پورٹ کا عالمی انڈیکس میں نیا ریکارڈ قائم کرنا پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی رابطے کے انڈیکس میں 356.8 کا تاریخی اسکور حاصل کرکے کراچی پورٹ نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ کراچی پورٹ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ یہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا مرکز ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی پورٹ کی اس کامیابی سے سندھ میں عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

بندرگاہ کی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے ملکی معیشت کو تقویت مل سکتی ہے اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی پورٹ کی ترقی، تجارتی سرگرمیوں کو مزید آسان بنانے اور کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بندرگاہ کی استعداد میں اضافے اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ کی ترقی صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کی معاشی مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے، کیونکہ جب کراچی پورٹ ترقی کرتا ہے تو ملک کی تجارت اور معیشت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں