ضیا الحسن لنجار 44

کراچی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، چار زخمی، وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)کراچی کے علاقے گلشن معمار میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو شہری جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ تھانہ سائٹ سپرہائی وے کی حدود میں پیش آیا، جس کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ایسٹ کو ہدایت کی ہے کہ واقعے سے متعلق تمام پولیس اقدامات اور کارروائی سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے پرامن ماحول کو دہشت زدہ کرنے والے عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ضیا الحسن لنجار نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں فوری طور پر پولیس ٹیموں کو متحرک کیا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے پولیس کے ماہر افسران کو خصوصی ٹاسک دینے کی بھی ہدایت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے زور دیا کہ کیس کی تفتیش شفاف انداز میں کی جائے اور ہر پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں