فوزیہ 46

کراچی میں امن و امان کی صورتحال بدترین، جرائم میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے، فوزیہ صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے شہر میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی مزاحمت پر قتل اور اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس نے شہریوں کی زندگیوں کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔

انہوں نے جوہر موڑ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کے قتل اور ڈاکٹر سارنگ میمن کو ان کی اہلیہ کے سامنے ٹارگٹ کر کے قتل کرنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات شہر میں قانون کی عملداری پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دن دہاڑے قتل کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دستیاب کرائم ڈیٹا کے مطابق سال 2025 میں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے 90 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے 150 سے زائد کیسز سامنے آئے۔ اسی طرح ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فوزیہ صدیقی نے کہا کہ سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ میں ہی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے، جہاں اسٹریٹ کرائمز کے 30 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے 70 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو رواں سال جرائم کی شرح گزشتہ سال سے کہیں زیادہ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھیننے کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں جبکہ مزاحمت کرنے پر شہریوں کو قتل کر دینا معمول بنتا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

فوزیہ صدیقی نے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے حکومت اس میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جوہر موڑ اور ڈاکٹر سارنگ میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، پولیس کی کارکردگی بہتر بنائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں