لاہور 31اگست(زاہد انجم سے)کالج آف نرسنگ امیر الدین میڈیکل کالج تھرڈ پروفیشنل بی ایس سی نرسنگ (4سالہ ڈگری پروگرام)کی طالبات نے سالانہ امتحانات میں 100فیصد نتیجہ لے کر میدان مار لیا جبکہ کالج رزلٹ میں رشیل ریاست نے 739نمبروں کے ساتھ پہلی، مقدس جاوید نے 720نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ عائشہ فخر نے 713نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تینوں پوزیشن ہولڈرز کا تعلق ساہیوال، چشتیاں اور جڑانوالہ سے ہے۔
شاندار نتائج پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کالج کی فیکلٹی ممبران اور طالبات کی جانفشانی، لگن اور محنت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازنے اورپوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقسیم اسناد کی تقریب جلد ہی منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے طالبات کی شاندار کامیا بی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نرسنگ کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کی تصاویر ایک ماہ کیلئے کالج و نرسنگ ہاسٹل میں آویزاں کی جائیں تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو سکے اور دیگر طالبات میں بھی یہ حوصلہ پیدا ہو سکے کہ وہ مزید محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرکے اپنا اور مادر علمی کا نام روشن کر سکیں۔ بی ایس سی نرسنگ تھرڈ پروفیشنل کی طالبات نے سو فیصدرزلٹ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اسے اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
کالج کی پرنسپل روبینہ انعام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ طالبات کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی۔ طالبات نے اپنے فرط جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کیلئے انہوں نے نرسنگ جیسے باوقار اور مقدس شعبے کا انتخاب کیا ہے اور وہ عملی میدان میں بھی مریضوں کی بہترنگہداشت کر کے ایل جی ایچ کی نیک نامی میں اضافہ کریں گی۔