لاہور( رپورٹنگ آن لائن)ڈیرہ غازی خان پولیس نے سرحدی تھانہ وہوا کی جھنگی چیک پوسٹ پر خارجی دہشتگردوں کا بڑا حملہ پسپا کر دیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرنے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خارجی دہشتگردوں نے تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر ایک بار پھر حملے کی کوشش کی، 20 سے 25 دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا اور راکٹ لانچرز، جدید خودکار اسلحے کا استعمال کیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے مستعد اہلکاروں نے زبردست مزاحمت اور جوابی فائرنگ سے حملہ ناکام بنا دیا اور پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ محسن نقوی کا ڈیرہ غازی خان کے تھانہ واہوا کی جھنگی پولیس چوکی پر خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب پولیس کے دلیر جوانوں نے بہادری سے خارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور جرات کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا۔انہوں نے کہاکہ خارجی دہشتگردوں کے خلاف پولیس جوان سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور جواںمردی سے حملہ پسپا کیا، حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان شاباش کے مستحق ہیں۔
دریں اثناآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ جھنگی پولیس چیک پوسٹ پنجاب حکومت کی فنڈنگ سے مزید محفوظ بنائی جا چکی ہے، چوکی پر اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ پہلے سے فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے بہادر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔