شی جن پھنگ 11

چین امریکہ تعلقات مجموعی طور پر مستحکم ہو رہے ہیں، چینی صدر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین کے صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی،امریکی صدر شین زین میں اپیک اکنامک لیڈرز میٹنگ میں شرکت کے لیے چین آئے ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات مجموعی طور پر مستحکم اور بہتر ہو رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو حقیقی فوائد حاصل ہوئے ہیں اور دنیا کو بھی استحکام اور اعتماد میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر چین امریکہ تعلقات کی رہنمائی جاری رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں کہ تعلقات کا یہ بڑا جہاز درست سمت میں آگے بڑھتا رہے۔

شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین امریکہ تعلقات میں استحکام اور بہتری کے موجودہ رجحان کو برقرار رکھنے کی کلید دونوں سربراہان کی مشترکہ تفہیم پر عمل درآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے علاقے تائیوان کے معاملے پر امریکہ کو درست طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے اور چین امریکہ تعلقات میں بڑے انحراف سے بچنا چاہیے۔تجارت اور معیشت کے شعبوں میں رابطے بڑھانے چاہیے، ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنے اور باہمی فائدے کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انسدادِ منشیات، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی اور ٹیلی کام و انٹرنیٹ فراڈ کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں اور احترام، انصاف اور برابری کے اصولوں کے تحت اس تعاون کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔ چین اور امریکہ کو مصنوعی ذہانت سے متعلق سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت ہمیشہ انسانی کنٹرول میں رہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ صدر شی جن پھنگ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستی روز بروز گہری ہو رہی ہے۔ دونوں مل کر چین امریکہ تعلقات کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور فینٹینائل جیسے شعبوں میں تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ دونوں فریقوں کو چین امریکہ تعلقات میں مستحکم ترقی کے رجحان کو برقرار رکھنا چاہیے، زرعی پیداوار ، توانائی اور سپر انٹیلی جنس جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے اور ایک دوسرے کے تحفظات کو منصفانہ انداز میں حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ تائیوان کی علیحدگی کی حمایت نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ بہت طاقتور ہے اور چین بھی بہت طاقتور ہے، دونوں ممالک کو عالمی امن و استحکام کی رہنمائی اور فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

دونوں فریقوں نے ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا اور تعمیری اسٹریٹجک استحکام کے تعلقات کے لیے عملی منصوبہ مرتب کرنے، سربراہان کی مشترکہ تفہیم پر عمل درآمد اور احترام، انصاف اور برابری پر مبنی چین امریکہ تعمیری اسٹریٹجک استحکام کے تعلقات کی تعمیر پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں