ایکسپورٹ 16

چینی مارکیٹ میں پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی طلب، برآمدات میں نمایاں اضافہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی سی فوڈ کی چینی مارکیٹ میں طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 2026 کے پہلے سات ماہ کے دوران چین کو پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔

جنوری سے جولائی 2026 کے دوران چین کو پاکستانی سی فوڈ کی برآمدات 156 ملین ڈالر سے بڑھ کر 220 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، اس عرصے میں فروزن فش، کٹل فش اور سکویڈ کی برآمدات نمایاں رہیں، جن سے مجموعی طور پر 76.43 ملین ڈالر کی آمدن حاصل ہوئی۔

پاکستانی سمندری خوراک کی طلب چین کے اہم ساحلی صوبوں فوجیان، گوانگ ڈونگ، شاندونگ اور ژی جیانگ میں بھی بڑھ رہی ہے، برآمدی مواقع میں اضافے کے ساتھ تقریباً 200 پاکستانی سی فوڈ برآمد کنندگان چینی کسٹمز کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ترجیحی مارکیٹ رسائی نے بھی پاکستانی سمندری مصنوعات کی برآمدات کو مزید سہولت فراہم کی ہے۔

برآمدات میں یہ اضافہ پاکستان کے سی فوڈ شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدی تنوع، روزگار اور عالمی تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، چین کو پاکستانی سی فوڈ کی بڑھتی برآمدات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی تعاون اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی برآمدی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں