شی جن پھنگ 52

چینی صدر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ایک استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔

جمعرات کے روز اس موقع پر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اس سال چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے آغازکا سال اور امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ چین اور امریکہ کے عوام دونوں عظیم عوام ہیں۔ چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کو عملی جامہ پہنانا اور امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانا ، یہ دونوں مقاصد ایک دوسرے کے تعاون سے کامیاب ہو سکتے ہیں، بلکہ ان کی بدولت دنیا کو بھی فوائد پہنچ سکتے ہیں۔

میں نے صدر ٹرمپ سے متعدد مواقع پر ملاقات اور بات چیت کی ہے، اور ہم اس بات پر متفق ہیں کہ چین امریکہ تعلقات آج کی دنیا میں سب سے اہم دوطرفہ تعلقات ہیں، جنہیں خراب نہیں بلکہ بہتر بنایا جانا چاہیے۔ دونوں ممالک کو حریف کے بجائے شراکت دار ہونا چاہئے۔ ہم چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری اسٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات قائم کرنے اور چین امریکہ تعلقات کی مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر متفق ہیں۔ شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین امریکہ تعلقات دونوں ممالک کے 1.7 ارب سے زائد عوام کی فلاح و بہبود اور دنیا کی 8 ارب سے زائد آبادی کے مفادات سے وابستہ ہیں۔ ہمیں مشترکہ طور پر اس تاریخی ذمہ داری کو نبھانا چاہئے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے دورہ چین کے دوران گرمجوش مہمان نوازی پر صدر شی جن پھنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک خوبصورت دن ہے۔ یہ ایک اہم دورہ ہے اورفریقین نے مثبت اور تعمیری بات چیت کی ہے۔ امریکی اور چینی عوام ایک دوسرے کی قدر کرتے ہیں اور باہمی احترام رکھتے ہیں، اور ان کی دوستی کی ایک قدیم تاریخ ہے۔ امریکہ چین تعلقات دنیا میں سب سے اہم دو طرفہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو دنیا کے بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے تعاون کو مضبوط بنانا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں