طارق فضل چودھری 15

پی ٹی آئی کا40 لاکھ افراد کواسلام آباد لانے کے دعوے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں’ طارق فضل چوہدری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو 40 لاکھ افراد کا قافلہ اسلام آباد لانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ محض میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ حاصل کرنے اور سنسنی پیدا کرنے کی کوشش ہے،اس بار دعوے کا آغاز 20 لاکھ افراد سے ہوا اور اب یہ تعداد 40 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ممکن ہے اگلے ہفتے یہ دعوی 60 لاکھ تک جا پہنچے۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ ماضی میں بھی پی ٹی آئی کوئی بڑا اجتماع نہیں کرسکی اور اس مرتبہ بھی ایسے کسی بڑے اجتماع کی توقع نہیں۔پی ٹی آئی جب خیبرپختونخوا ہ سے اسلام آباد کی جانب ہجوم لاتی ہے تو اس میں وہی لوگ شامل ہوتے ہیں جو پہلے بھی اس کے ساتھ آتے رہے ہیں جبکہ اکثر سرکاری ملازمین اور سرکاری وسائل کے استعمال کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں،اگر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں کسی کو اپنے حقِ احتجاج سے روکا نہیں جاسکتا لیکن احتجاج کے لیے اسلام آباد کو مفلوج کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ خیبرپختونخوا ہ بھی پاکستان کا حصہ ہے، وہاں بھی احتجاج کیا جاسکتا ہے۔

عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے خلاف جاری تمام قانونی کارروائی قانون کے مطابق ہوگی اور سزائیں بھی عدالتیں ہی دیتی ہیں۔ عمران خان کسی انتظامی حکم کے تحت جیل میں نہیں ہیں اس لیے اگر انہیں ضمانت یا مقدمات میں کوئی ریلیف ملتا ہے تو وہ بھی عدالتوں ہی سے ملے گا۔عمران خان یا پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کا بیک ڈور چینل یا پسِ پردہ مذاکرات نہیں ہورہے۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر صوبے بنانے کا فیصلہ اتفاقِ رائے سے ہونا ہے تو یہ ممکن نہیں کہ 3 صوبوں میں نئے صوبے بنانے کی بات کی جائے اور ایک صوبے کو اس بحث سے الگ رکھا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کو اس تاثر سے باہر نکلنا ہوگا کہ نئے صوبوں کا قیام پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی سازش ہے،جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اتفاقِ رائے سے ہوگا، چاروں صوبوں کے لیے ہوگا پاکستان کے مفاد میں ہوگا اور عوام کی بہتری کے لیے ہوگا۔سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر ضرور بیٹھ کر بات کرنی چاہیے تاہم عوام بھی اس بحث کے اہم فریق ہیں اور ان کی رائے کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں