سلیم حیدر خان 13

پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ درست نہیں، مجبوراً کنٹینرز لگا کر روکنا پڑتا ہے،گورنر پنجاب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا پرانا ٹریک ریکارڈ ہے، سب کو پتہ ہے، اداروں پر حملہ، پی ٹی وی میں توڑ پھوڑ، پارلیمنٹ میں گھس جانا اور مختلف جگہوں پر ہنگامہ آرائی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک اس وقت احتجاجی دھرنوں اور ان سب چیزوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر احتجاج میں اپنے ورکرز کو کنٹرول نہ کرسکیں یا کچھ ایسے عناصر ہوں جو بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں تو ان کے لیے کنٹینرز اور راستے بند کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے والے احتجاج میں بھی دیکھ لیں، ہماری فورسز، ہماری پولیس کے جوان آپ کے اور میرے ہی بچے ہیں جو شہید ہوئے، سکیورٹی فورسز نے ریاست کے لیے کھڑے تو ہونا ہے اور لاء اینڈ آرڈر پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہاں پر بہت سے جوان پی ٹی آئی کے احتجاج میں شہید ہوئے، پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ درست نہیں جس کی وجہ سے حکومت کو مجبوراً کنٹینرز لگا کر روکنا پڑتا ہے۔سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ اگر کنٹینرز کو ہٹا دیں تو اگلی ذمہ داری کوئی بھی اٹھانے کو تیار نہیں کہ احتجاج پرامن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں