شیری رحمان

پی ٹی آئی کا ’صاف چلی شفاف چلی‘ بیانیہ بے نقاب ہورہا ہے‘ شیری رحمان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا صاف چلی شفاف چلی بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے۔شیری رحمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایک دن امریکی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی اور دوسرے دن سابق وزیر نے کہا کہ ایسٹبلشمنٹ سے خراب تعلقات کی وجہ سے حکومت سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دو واقعات نے جھوٹ پر مبنی “بیرونی سازش” کے بیانیہ کو دفن کر دیا ہے، کیا عمران خان اب امریکی انتظامیہ کو غلطی درست کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں؟۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا “صاف چلی شفاف چلی” بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے، توشا خانہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر اسکینڈل سامنا آیا ہے، کفایت شعاری کا نعرہ لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔شیری رحمان نے کہا کہ بنی گالا سے ایوان وزیراعظم کے ہوائی سفر پر عمران خان نے عوام کے 98 کروڑ روپے خرچ کئے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں یہ لوگ کہتے تھے ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے اور دوسری طرف عمران خان کا یومیہ ہیلی کاپٹر کا خرچہ 8 لاکھ روپے سے زائد تھا۔

انکا کہنا ہے کہ حکومت سے پہلے سادگی اور کفایت شعاری کی تبلیغ کرنے والا شخص بنی گالا اور وزیراعظم ہاو¿س ہیلی کاپٹر پر آتا جاتا رہا اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر عمران خان مغربی ممالک کے رہنماوں کی سائیکل پر آفس جانے کی مثالیں دیتے تھے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کے ووٹر پونے 3 سال انتظار کرتے رہے کہ ان کا لیڈر بھی سائیکل پر بنی گالا سے وزیراعظم ہاوس جائے گا، عوام کے ٹیکس کے پیسوں ہیلی کاپٹر کے سفر میں اڑایا گیا۔