مریدکے(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں ، پی ٹی آئی دھڑوں میں تقسیم ہوچکی اور مستقبل کی سیاست میں عمران خان کا کردار نظر نہیں آرہا ، سینٹ اور قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے کئی دھڑے حکومت سے رابطے میں ہیں اور حکومتی پالیسیوں سے اتفاق رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بھتیجے رکن قومی اسمبلی ،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا احمد عتیق ،کوآرڈینٹر رانا حسیب عامر ،سابق چیئرمین میونسپل کارپوریشن رانا ماجد نواز کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر کی بیٹی اور سینئر صحافی باقر علی رانا کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کے کارخانہ مالکان سے میٹنگ میں فیصلہ ہوچکا کہ ماہ رمضان میں پورے ملک میں چینی ایک سو تیس روپے کلو ملے گی ۔ میونسپل کمیٹی کی سطح پر چینی کارخانہ یونین خود اسٹال لگائے گی ہر شہری قومی شناختی کارڈ پر پانچ کلو چینی حاصل کرسکے گا ،مزید مذاکرات بھی جاری ہیں ،عوام کو چینی مزید سستی بھی مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پوری دنیا اور عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں ، عوام جان چکی ہے کہ انکی سیاست پاکستان اور عوام کے مفاد کے مخالف ہے ،پی ٹی آئی دھڑوں میں میں تقسیم ہوچکی اور دست و گریبان ہے ۔
سینٹ اور قومی اسمبلی میں ان کے کئی دھڑے حکومت سے رابطے میں ہیں ،بانی پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے اختلاف اور حکومتی پالیسیوں سے اتفاق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بہتر کارکردگی سے ایک سال میں بانی پی ٹی آئی کی تمام سازشیں ناکام بنادیں دنیا بھر کے سربراہان مملکت اور سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ،پاکستان خوشحالی کے دور میں شامل ہوچکا ،عوام اب اس خوشحالی کی ٹرین کو رکنے نہیں دیں گے ۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست نے ہمیشہ پپاکستان مخالف قوتوں کا ہاتھ مضبوط کیا ،انکا آلہ کار بن کر پاکستان کی سیاست معیشت نوجوان نسل کی اخلاقیات کو نفرت گالم گلوچ کی بھینٹ چڑھا یا ،پاکستان کی جیلوں سے جن لوگوں کو آزاد کیا آج وہی لوگ دہشت گردی میں ملوث ہیں ،ہماری مسلح افواج عوام دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں .
پاکستان کے دشمن سن لیں انکو منہ کی کھانا پڑے گی ،ہر جگہ ناکامی انکا مقدر ہوگا کیونکہ پچیس کروڑ عوام اپنی مسلح افواج کیساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کی سیاست کی ہے وہ ایک زیرک سیاستدان ہیں ،وہ پی ٹی آئی سمیت کسی ایسی تحریک یا احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے جو عوام اور پاکستان کا بغض رکھ کر سیاست کررہی ہے۔