سرفراز بگٹی 37

پیپلز ایئر ایمبولینس عوامی خدمت کیلئے تیار ، جلد ہی طبی خدمات کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار عام آدمی کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایئر ایمبولینس کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ پیپلز ایئر ایمبولینس عوامی خدمت کے لیے تیار ہے اور جلد ہی اس کی خدمات کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر پیپلز ایئر ایمبولینس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکھا کہ بلوچستان کے عوام سے کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہونے جا رہی ہے اور پیپلز ایئر ایمبولینس کا آغاز بہت جلد کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس فضائی سروس کے ذریعے سنگین نوعیت کے زخمی و بیمار مریضوں کو فوری طور پر بڑے شہروں کے اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے گا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جہاں بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج رہی ہے، وہاں ایئر ایمبولینس سروس ایک انقلابی قدم ثابت ہوگی۔

اس جدید سہولت کے ذریعے حادثات، قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس اسی وڑن کی عکاس ہے جو عوامی فلاح و بہبود کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں