پٹرولیم مصنوعات 24

پیٹرولیم کی قیمتیں کم رکھیں گے تو لوگ اپنا لائف اسٹائل تبدیل نہیں کرینگے، وزیر پیٹرولیم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایران کی صورتحال نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا ہے،ہمیں چیلنجنگ صورتحال کیلئے خود کو تیار کرنا ہے، ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جو فوری طورپر ناگزیرہوں، ہم نے اپنے آپ کو ٹیسٹ میچ کیلئے تیارکرنا ہے،ایک ہفتے میں پیٹرولیم قیمتیں بڑھائی گئیں، دوسر ے ہفتے بھی ایسے ہی قیمتیں بڑھانا بنتی تھیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے تمام صوبوں کو اعتماد میں لے کر کفایت شعاری شروع کی،مارکیٹ مستحکم نہیں ہو رہی،کروڈ آئل جی سی سی سے منگواتے ہیں،فجیرہ اور یانگوں سے کروڈ آئل کی سپلائی آرہی ہے،ہم نے متبادل انتظامات رکھے ہوئے ہیںتاکہ مشکلات نہ آئیں، قیمتیں کم رکھیں گے تو لوگ اپنا لائف اسٹائل تبدیل نہیں کریں گے، وفاقی وزیرخزانہ اور میں وزرائے اعلی اور وزرائے خزانہ سے مل کر آئے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ انڈسٹری میں پیٹرول اور ڈیزل کم استعمال ہوتا ہے، فرنس آئل کے پلانٹ بہت کم ہو گئے ہیں، ڈیزل اور پیٹرول پر کوئی پلانٹ نہیں چلتا، پاکستان میں پچھلے چند سالوں میں تھرمل جنریشن میں سرمایہ کاری کی گئی، بنگلادیش میں فوج پیٹرول پمپس اور ڈپوز پر تعینات ہے، ہمیں سعودی عرب نے سپورٹ کیا ہواہے، عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کا بڑا بوجھ برداشت کیا ہے، پیٹرول اورڈیزل کے ذخائرموجود ہیں،لوگوں کو پریشانی نہیں ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں