اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت تحقیقات سے بھاگ گیا، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
’معرکۂ حق‘ کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے مثال قربانیاں دے چکا ہے، بھارت اپنے داخلی مسائل اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ میں پاکستانی قوم، افواج اور ریاستی اداروں نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا، بھارت میں دہشتگردی اس کا اپنا داخلی مسئلہ ہے، تاہم نئی دہلی حکومت ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور داخلی بحرانوں کو بیرونی رنگ دے کر پاکستان پر الزامات عائد کرتی رہی ہے، ان کے بقول بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت مسلط کی، لیکن پاکستان نے ذمہ داری، تدبر اور قومی یکجہتی کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کیا۔
عطا تارڑ نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کیے بغیر فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا، جبکہ وزیراعظم پاکستان نے خود شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی تھی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کسی غیر جانبدار تحقیقات سے بھاگ گیا کیونکہ پہلگام واقعہ دراصل ایک ’فالس فلیگ آپریشن‘ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلگام کا علاقہ سرحد سے بہت دور اور بھارتی فوج کے مضبوط کنٹرول والے علاقے میں واقع ہے، اس کے باوجود پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے، اس واقعے نے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان مکمل یکسوئی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور چیلنجز سے نمٹنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی اور بین الاقوامی تنازع ہے، جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا، جبکہ بھارتی میڈیا نے غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز رپورٹنگ کے ذریعے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا، پاکستانی نوجوانوں نے بھی سوشل میڈیا کو مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بھارتی بیانیے کا بھرپور جواب دیا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسا ملک پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل جیسے واقعات میں ملوث پایا گیا، کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری بھارتی دہشتگرد ذہنیت کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔









