لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی جواز نہیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، گزشتہ کئی روز سے ملک بھرمیں عوام کو پٹرول کی قلت کا سامنا رہا، اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیا جائے، اعلیٰ عدلیہ اس اضافہ کے خلاف سوموٹو لے اور تحقیقاتی کمیشن بنا کر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں