لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے کھربوں روپے وصول کیے جانے کے انکشافات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رقم عوام سے تو پوری وصول کی جاتی ہے لیکن اس کی مکمل ادائیگی قومی خزانے میں نہیں کی جاتی، جو کہ کھلی بدعنوانی اور سنگین مالی بے ضابطگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر کرپشن اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ ریاستی ادارے تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں اور قومی وسائل کو لوٹنے والے بے خوف و خطر آزاد گھوم رہے ہیں، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی عائد کر کے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی کمر توڑ رہی ہے۔ پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ ضروریات پر پڑتا ہے، جس کا خمیازہ غریب اور متوسط طبقہ بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے کھربوں روپے اکٹھے کرنا اور پھر ان رقوم کا شفاف استعمال نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران طبقہ عوامی مفادات کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔
بد عنوانی میں ملوث افراد کے خلاس سخت ترین کارروائی ہونی چاہئے ۔مافیاز نے پورے نظام کوہی یرغمال بنا رکھا ہے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے احتساب کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بااثر افراد قانون سے بالاتر نظر آتے ہیں، جبکہ عام شہری معمولی غلطی پر بھی سزا کا سامنا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی یہ رقوم عوامی فلاح، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات پر خرچ ہوتیں تو آج عوام کی حالت یہ نہ ہوتی۔
حمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی تمام رقوم کی آزادانہ اور شفاف آڈٹ کرائی جائے، ذمہ داران کا تعین کر کے انہیں کٹہرے میں لایا جائے اور لوٹی گئی ایک ایک پائی عوام کو واپس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ دیانت دار قیادت، مضبوط احتساب اور عوام دوست پالیسیاں ہیں، بصورت دیگر عوام کا نظام سے اعتماد مکمل طور پر اٹھ جائے گا۔








