ایجوکیشن 42

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں تنخواہوں میں بڑے اضافے کی تجویز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی)نے ملازمین کی تنخواہوں میں 75 سے 85 فیصد تک اضافے کی تجویز تیار کر لی ۔اس تجویز کے مطابق 2017ء سے منجمد تنخواہوں میں اضافہ ہونے کے بعد پی ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کی ماہانہ تنخواہ 7لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل کی تنخواہ 6لاکھ 47 ہزار روپے تک ہو جائے گی۔

دیگر سینئر عہدیداروں کی تنخواہیں 4سے 6 لاکھ روپے ماہانہ تک بڑھنے کا امکان ہے۔یہ اضافہ صرف 114ملازمین پر سالانہ 28سے 30 کروڑ روپے کے اضافی بوجھ کا باعث بنے گا۔ذرائع کے مطابق یہ تجویز فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی منظوری کے بغیر آگے بڑھائی جا رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبے فنڈز کی کمی کا شکار ہیں۔

پی ایچ ای سی کے ملازمین پہلے ہی بہت زیادہ مراعات حاصل کر رہے ہیں جن میں 150لیٹر فیول الائونس، میڈیکل سہولیات اور سالانہ 20 فیصد اضافہ شامل ہے، جو بنیادی پے سکیل اور صوبائی بیوروکریٹس کی تنخواہوں سے کہیں زیادہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں