شرجیل میمن 9

پنجاب میں جمہوریت کا لیکچر دینے والی پیپلز پارٹی سندھ میں ڈکٹیٹر بنی ہوئی ہے،ایم کیو ایم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں جمہوریت کا لیکچر دینے والی پیپلز پارٹی سندھ میں ڈکٹیٹر بنی ہوئی ہے،پیپلز پارٹی سندھیوں اور مہاجروں کو لڑا کر نئے صوبوں کے پراجیکٹ کو ناکام بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ اپنے بیان میں زاہد ملک نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی کے لیڈر سندھ میں خون خرابے کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔

زاہد ملک نے کہاکہ ایم کیو ایم کے ہوتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی 70 والی سوچ کو دوہرانے کی مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں نئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں مخالفت پیپلز پارٹی کی پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو بلدیہ فیکٹری بنا دیا ہے، سندھ میں کرپشن اور عوام کی بدحالی کی جڑ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے خلاف دیہاڑی پر بلائے لوگوں سے مظاہرے کراتی ہے، ‘مزدور مظاہرین’ کو پیسے بھی ادا نہیں کرتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں