حمزہ شہباز

پنجاب حکومت نے اپنی نااہلی کی بدولت عوام کی جان کو دا وپر لگا دیا ہے، حمزہ شہباز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنی نااہلی اور تساہل کی بدولت عوام کی جان کو داو پر لگا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ڈینگی وائرس سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں ڈینگی قیامت ڈھا رہا ہے صوبے بھر سے 4494 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 3437 کیسز صرف لاہور سے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنی نااہلی اور تساہل کی بدولت عوام کی جان کو دا پر لگا دیا ہے اسپتال ڈینگی مریضوں سے بھر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں جب ڈینگی نے سر اٹھایا تھا تو وزیراعلی نے 90 میٹنگز بذات خود چیئر کیں روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی پڑتال ہوتی تھی تمام محکموں کو متحرک کیا۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے بروقت اقدامات اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پنجاب میں ڈینگی وائرس پر قابو پالیا گیا جس کا اعتراف سری لنکا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے ماہرین نے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال انسداد ڈینگی مہم کا حکم اس وقت جاری ہوا جب اموات ہونا شروع ہو گئیں بروقت آگاہی مہم بھی نہیں شروع کی گئی، ڈینگی ہائی رسک علاقوں میں اسپرے نہ ہونے کے باعث لاروے کو پنپنے کا موقع ملا، اس میں کوئی حیرت نہیں کہ نااہلی کے سبب ڈینگی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہی تباہی پھیلا رہا ہے جہاں پر تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے 14 موبائل اسپتال فراہم کیے تاکہ ڈینگی کے مریضوں کو بروقت طبی امداد مہیا کی جا سکے، یہاں فیلڈ اسپتال اس وقت قائم کیا گیا جب اسپتال مریضوں کو بیڈز کی کمی کے سبب لوٹانے لگے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا ہے کہ ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کے بعد شہباز شریف کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے ایک کتاب شائع کی تھی اس میں وبا سے نمٹنے کے لئے کامیاب حکومتی حکمت عملیاں اور طریقہ کار درج کر دیئے تھے موجودہ حکومت اس کتاب سے ہی استفادہ کر لے۔