مسرت جمشید چیمہ

پنجاب حکومت عوام کو اتنا ریلیف نہیں دے رہی جتنا دکھاوا کر رہی ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو اتنا ریلیف نہیں دے رہی جتنا دکھاوا کر رہی ہے.

گھی اور چینی بنیادی ضرورت ہے لیکن ان کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں ، رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ بتائیں زبانی جمع خرچ کے علاوہ ایک سال میں عوام کی ان کی زندگیوں میں کتنی خوشحالی اور آسودگی آئی ہے؟

مہنگائی صرف بیان بازی میں کم ہوئی ہے اوپن مارکیٹوں میں مہنگائی کی شرح بر قرار ہے ، چینی کی قیمت 170روپے کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ گھی اور آئل کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان ہے جبکہ چچا اور بھتیجی عوام کے لئے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدارہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے رمضان المبار ک میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کے لئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، پنجاب میں پسے ہوئے طبقات کا مستند ڈیٹا موجود نہیں جس کی وجہ سے حقدار تک اس کا حق نہیں پہنچتا اور سب کچھ سیاسی بندر بانٹ کی نذر ہو رہا ہے ۔