لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں جمعرات کو دن کے وقت لفٹ بند ہونے اور مریضوں و لواحقین کو دشوار ی کا سامنا کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر رشید نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی سے غیر حاضر لفٹ آپریٹر محمد عرفان کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس کے خلاف محکمانہ کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پی آئی این ایس کی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے لفٹ میں پھنسے تمام افراد کو با حفاظت باہر نکال لیا اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ایم ایس نے اس سلسلے میں 3رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو اس واقعہ کی چھان بین کر کے 24گھنٹے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔اس کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل بطور چیئرمین کریں گے جبکہ کمیٹی کے ممبران میں ڈاکٹر شاہد مختار اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد عمر نسیم شامل ہیں جو اس واقعہ کا تمام پہلوؤں سے بغور جائزہ لیں گے۔

ایم ایس ڈاکٹر طاہر رشید نے تمام لفٹ آپریٹرز کوبھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس واقعہ سے سبق سیکھتے ہوئے محتاط رہیں اور اپنی ڈیوٹی کے دوران کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریض اور اُن کے لواحقین پہلے ہی پریشان ہوتے ہیں انہیں ایسی کسی قسم کی ذہنی کوفت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور تمام لفٹ آپریٹر ز کو لفٹوں کی صورتحال اور اُن کے آپریشنل معاملات سے با خبر رہنا چاہیے۔ ایم ایس پنز ڈاکٹر طاہر رشید نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی لفٹ میں لکھی ہوئی گنجائش سے زیادہ تعداد میں سوار نہ ہوں تاکہ اس طرح کا نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔









