سید نور 14

پروڈیوسر ،ہدایتکار سے تعلقات کی بناء پر کام ملنے کا تاثر درست نہیں’ سید نور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )سینئر ہدایتکار سید نور نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنے کام کے ذریعے پورے پاکستان کے لیے فلمیں بنائی ہیں، صرف جین زی کو مدنظر رکھ کر فلم بنانا درست نہیں، فلم میں درمیانی عمر، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کی نمائندگی ہونی چاہیے، جین زی کو بھی وہ فلمیں دیکھنی چاہئیں جو اس سے پہلے نہیں دیکھی گئیں۔

ایک انٹرویو میں سید نور نے کہا کہ مجھے ایک ہی کام آتا ہے اور میں وہی کر رہا ہوں،پاکستانی فلموں میں ملک کے کلچر، تہذیب اور قومی عظمت کو اجاگر کیا جانا چاہیے۔ ایران نے فنڈنگ کے ذریعے اپنی فلم انڈسٹری کو بہتر بنایا، پاکستان میں بھی اب حکومت اس سمت میں پیشرفت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کہانی کی ضرورت کے مطابق فلموں میں گانے شامل کرتے ہیں تاہم ہمارے ہاں ہر معاملے پر تنقید کی جاتی ہے اور اکثر صرف منفی پہلو سامنے لایا جاتا ہے،

تعمیری تنقید انسان کو راستہ دکھاتی ہے اسی لیے میں تنقید کو انجوائے کرتا ہوں۔سید نور نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پروڈیوسر یا ہدایتکار سے تعلقات نہ ہوں تو کام نہیں ملتا،مجھ پر الزام لگایا جاتا ہے کہ میں صرف صائمہ کو لے کر فلمیں بناتا ہوں حالانکہ جس کردار کے لیے جو فنکار موزوں ہو اسے کاسٹ کرنا میری ذمہ داری ہے، اگر کسی کردار کے لیے ریشم زیادہ موزوں ہوئیںتو میں صائمہ کی بجائے ریشم کو کاسٹ کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں