طاہر محمود اشرفی 10

پاک فوج کے جوان سرحدوں پر تنخواہ کیلئے نہیں کھڑے،طاہر اشرفی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان علماء کونسل چیئر مین مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر تنخواہ کے لیے نہیں کھڑے وہ ماں سے کہہ کر جاتے ہیں کہ دعا کرنا شہادت ملے۔مولانا طاہر اشرفی نے پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیا کوئی اپنے بیٹوں کو پیسوں کے لیے پیش کرے گا؟ ہمارے جوان جان کی قربانی دے کر ملک کو محفوظ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی و استحکام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، شہدا کی توہین نہیں ہونے دیں گے، ان کے اہلِ خانہ سے معذرت خواہ ہیں۔

مولانا طاہر اشرفی نے علما، مشائخ اور اقلیتی رہنماں سے فرقہ واریت اور نفرت انگیزی کا مقابلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بین المذاہب مکالمے کا فروغ قابلِ تحسین ہے۔اس موقع پر علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ مسالک و مذاہب مل بیٹھیں اور مکالمہ کریں تو بہترنتائج ہوں گے اور امن قائم ہو گا تو معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا۔علاوہ ازیں مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ ریاست اور حکومت کے درمیان ایک خلا ہے، اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت ضروری ہے، مدارس کے نصاب اور طلبہ کی ذہن سازی پر کام کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں